کراچی کے علاقےکورنگی زمان ٹاؤن کلو چوک کے قریب اسکول وین میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس سے وین ڈرائیور اور ایک بچی معمولی زخمی ہو ئے۔
ایس ایس پی کورنگی علی رضا نے وین میں آگ لگنے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آگ اسکول وین کےپچھلے حصے میں لگی وین میں سلنڈر موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت آگ لگی ، قریبی کھڑی پولیس موبائل میں اہلکاروں نےاسکول وین کےبچوں کوریسکیو کیا اور پولیس موبائل نے ہی تمام بچوں کو با حفاظت گھر پہنچایا۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ لگنے سے ایک بچی بھی معمولی جھلس گئی جبکہ آگ بجھانے کے دوران ڈرائیور معمولی زخمی ہوا۔ واضح رہے رواں ماہ اسکول وین میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، 5 جنوری کو بھی کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قطر اسپتال کے قریب ایک اسکول وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں 8 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔اس واقعےکے بعد وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے تمام اسکول وینز کی فٹنس چیک کرنے کی ہدایت کی تھی۔بشکریہ روزنامہ جنگ