کراچی کے علاقے لانڈھی میں نادرا کے دفتر میں رات گئے چوری کی واردات ہوئی ہے،پولیس کے مطابق چور سیکڑوں شناختی کارڈ اور اندراج کا رجسٹر چوری کرکے فرار ہو گیا جبکہ دیوارپر نازیبا الفاظ بھی تحریر کرکے گیا۔
پولیس کے مطابق نادرا کے دفتر میں مبینہ چوری کی واردات گزشتہ رات ہوئی۔ چور دفتر کی چھت سے داخل ہوا، اور کاونٹرز سے 1800 شناحتی کارڈ اور اندراج کا رجسٹر چوری کرکے چھت سے ہی فرار ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق نادرا کے جس دفتر سے شناختی کارڈ چوری ہوئے اس علاقے میں 27 جنوری کو پی ایس 94 کے ضمنی انتخابات ہیں۔
ڈی جی نادرا سندھ میر عجم کے مطابق معاملے کو علاقے میں ضمنی انتخابات کے تناظر میں بھی دیکھا جارہا ہے،نادرا لانڈھی آفس سے شناختی کارڈز کی چوری کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
میر عجم کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والے شناختی کارڈ کی منسوخی کیلئے ڈیٹا اسلام آباد بھیج دیا ہے،علاقے میں ضمنی انتخابات کی وجہ سے شناختی کارڈ فوری پرنٹ کرواکر منگوائے جارہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شناختی کارڈ ایک دو دن میں ہی بن کر اسپیشل کوریئر کے ذریعے آجائیں گے،ضمنی انتخابات سے پہلے چوری شدہ شناختی کارڈ دوبارہ بنا کر جاری کردیں گے۔بشکریہ روزنامہ جنگ