سابق خاتون اول اور نواز شریف کی اہلیہ محترمہ کلثوم نواز لندن میں انتقال کر گئیں ہیں ،ان کی لندن میں نمازِ جنازہ کب اور کہاں ادا کی جائے گی اور ان کی میت جمعہ کے روز کتنے بجے پاکستان پہنچے گی ؟اہم تفصیلات سامنے آ گئیں ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما اور ممبر پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ’’ ٹویٹر‘‘ پر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو سوا بارہ بجے ریجنٹ پارک اسلامک سنٹر میں ادا کی جائیگی ،نماز جنازہ کے بعد میت کو پاکستان بھجوانے کیلئے ہیتھرو ایئرپورٹ لے جایا جائے گا،وہاں سے بیگم کلثوم نواز کی میت پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے جمعہ کی صبح 6 بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی۔حناپرویز بٹ کا ایک اور ٹویٹ میں سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی طرف نام لئے بغیر اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’ایک بیٹی کو جیل سے قیدی باپ کی لاش ملی تھی اور ایک بیٹی کوقیدیوں کی طرح ماں کا آخری دیدارکروایا جائیگا‘‘۔واضح رہے کہ محترمہ کلثوم نواز شریف گلے کے کینسر میں مبتلا اور لندن کے مقامی ہسپتال میں گذشتہ کئی ماہ سے زیر علاج تھیں جہاں آج وہ اپنے خالق حقیقی سے68 سال کی عمر میں جا ملیں ،بیگم کلثوم نواز کی تدفین رائے ونڈ جاتی عمرہ میں ادا کی جائے گی۔دوسری طرف جیل میں قید میاں نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کو بیگم کلثوم نواز کے نماز جنازہ میں شرکت کے لئے پیرول پر رہا کیا جائے گا تاہم ان کی رہائی کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔