تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دیدی

0
365

برسٹل: تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو،صفر کی برتری حاصل کرلی۔
برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 359 رنز کے بڑے ہدف کو انگلش بلے بازوں نے اپنی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں پر حاصل کرلیا، جیسن روئے اور بیرسٹو پر مشتمل جوڑی نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 159 کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کی، روئے 76 اور بیرسٹو 128 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔جوئے روٹ 43،بین اسٹوکس 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان 17 اور معین علی 43 رنز کے ساتھ ناقبل شکست رہے۔ گرین شرٹس کی جانب سے ایک بار پھر بولنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور کوئی بھی بولر متاثر کن کارکردگی پیش نہ کرسکا، جنید خان، عماد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم کا آغاز ایک بار پھر اچھا نہ رہا اور اوپننگ جوڑی صرف 7 رنز پر ٹوٹ گئی، پچھلے میچ میں سنچری بنانے والے فخر زمان اس بار فیل ہوگئے اور صرف 2 رنز پر چلتے بنے جب کہ بابر اعظم بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 15 رنز پر بولڈ ہوگئے۔
27 رنز پر وکٹیں گرنے کے بعد حارث سہیل اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم حارث سہیل 95 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 41 رنز بنائے۔کپتان سرفراز احمد نے اوپنر امام الحق کے ساتھ مل کر 65 رنز جوڑے اور 27 رنز پر پویلین لوٹ گئے جب کہ امام الحق نے 97 گیندوں پر سنچری مکمل کی ، وہ 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 52 رنز بنائےجس میں 3 زبردست چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 359 رنز بنائے، عماد وسیم 22،فہیم اشرف 13اور شاہیں آفریدی 7 رنز پر پویلین لوٹے جب کہ حسن علی 18 اور جنید خان صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں،کرن نے 2، پلنکٹ اور ڈیوڈ ویلے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here