جلسے میں خودکش حملہ، ہارون بلور سمیت 12 جاں بحق

0
647

پشاور کے شہر یکہ توت میں اے این پی کے جلسے میں ہونے والے دھماکے میں این اے 31 اور پی کے 78 کے امیدوار ہارون بلور سمیت 12 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔

بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق اے این پی کی کارنر میٹنگ کےدوران ہونے والا دھماکا خود کش تھا۔ ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق خود کش حملےمیں اے این پی کےامیدوار ہارون بلورسمیت 12 افراد شہید اور 35 زخمی ہوئے جن میں سے 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق ہارون بلور کا بیٹا دانیال بلور محفوظ ہے۔

خود کش دھماکے کے تمام زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔

سی سی پی او پشاو قاضی جمیل کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں 8 کلو ٹی این ٹی مواد استعمال کیا گیا، ہارون بلور کی سیکورٹی پر 2 پولیس اہل کار مامور تھے۔

دھماکے کے فوری بعد پولیس نے جگہ کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کردیے ہیں۔

پولیس کے مطابق خود کش حملہ آور کارنر میٹنگ میں پہلےسےموجود تھا ، ہارون بلور کی آمد پر آتش بازی کی جا رہی تھی کہ اسی دوران خودکش حملہ آورنےہارون بلورکےقریب آکر خود کو اڑا دیا۔

بیرسٹر ہارون بلور اے این پی کے شہید رہ نما بشیر بلورکے بیٹے تھے، وہ پی کے 78 سے اے این پی کے امیدوار تھے۔

یاد رہے کہ ہارون بلور کے والد بشیر بلور 2012 میں قصہ خوانی بازار میں ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here