سعودی عرب کی حکومت نے عمرہ زائرین کے لیے ملک میں داخلے کی آخری تاریخ 2 جولائی مقرر کردی ہے۔ سعودی وزارت حج وعمرہ کے اعلامیہ کے مطابق عمرہ سروس کی خدمات فراہم کرنے والوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آئندہ حج سے قبل عمرہ ویزوں کا الیکٹرانک اجراء 17 جون سے بند کردیا گیا ہے تاہم ایسے زائرین جنہیں 17جون سے قبل ویزے جاری کئے گئے ہیں وہ 2 جولائی تک سعودی عرب داخل ہوسکتے ہیں۔ وزارت نے عمرہ کی خدمات فراہم کرنے وا لی کمپنیوں سے کہا ہے کہ ویزے کی میعاد پوری ہونے پر تمام عمرہ زائرین کی متعلقہ ممالک کے لئے واپسی کو یقینی بنایا جائے، عمرہ ویزہ کی معیاد سے زائد مدت تک قیام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ سال اکتوبر میں سیزن شروع ہونے کے بعد سے اب تک 70 لاکھ سے زائد غیر ملکی زائرین نے عمرہ ادا کیا جن میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہے، اس کے بعد انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے شہری فہرست میں شامل ہیں جہاں کے لاکھوں عازمین نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔2 جولائی کے بعد حج سیزن کے لئے انتظامات کا آغاز ہوجائے گا۔ قومی کمیٹی برائے حج وعمرہ کے چیٖف ایگزیکٹو آفیسر محمد بن بادی نے کہا کہ حج کے اختتام کے بعد 15 ذوالحجہ سے عمرہ درخواستوں کی وصولی کا دوبارہ آغاز ہوگا۔