لاہور:پاک سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز، قذافی اسٹیڈیم لاہور کے گرد و نواح میں تعلیمی ادارے 3 روز کیلئے بند رہیں گے، 7 اکتوبر سے 9 اکتوبر تک اسٹیڈیم کے آس پاس واقع کاروباری مراکز بھی بند رکھے جائیں گے، سکیورٹی کے سخت انتظامات کے سلسلے میں نوٹیفیکشن جاری۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قذافی سٹیڈیم میں شیڈول تین روزہ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے سلسلے میں سخت سکیورٹی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور کے گرد و نواح میں واقع تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ ایف سی کالج لاہور سمیت گرد و نواح کی دکانوں، تعلیمی اداروں، کمرشل پلازوں سمیت ریسٹورنٹس کو تین روز کے لئے بند کردیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ایف سی کالج سمیت کاروباری ادارے 7 اکتوبر سے 9 اکتوبر تک بند رہیں گے۔ واضح رہے کہ اکستان اور سری لنکا کے درمیان 3ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 5سے 9اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا میچ ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔دوسری جانب پاکستان اور سری لنکا کے میچز کے دوران سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر موبائل فون سروس بند رہے گی۔ پاکستان اور سرلنکا کے مابین ہونے والے میچز میں سیکیورٹی کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت میچز کے دوران موبائل سروسز بند رہے گی۔ ہوٹلز،ٹیموں کے روٹس اور کرکٹ سٹیڈیم کے گرونواح میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔خیال رہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ،ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا۔ سرفراز احمد کو ٹیم کا کپتان اور بابر اعظم کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ عابد علی، امام الحق اور محمد رضوان کی جگہ احمد شہزاد، عمر اکمل اور فہیم اشرف ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں،دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخر زمان، محمد حسنین ، حارث سہیل ،افتخار احمد، عماد وسیم، محمد نواز ، محمد عامر،شاداب خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض بھی سکواڈ کا حصہ ہیں ،سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں انجری کے باعث امام الحق کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل نہیں کیا گیا،بائیں ہاتھ کے اوپنر انجری کے باعث تیسرے ایک روزہ میچ میں بھی شرکت نہیں کررہے ہیں۔ڈینگی بخار سے چھٹکارہ پانے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا آغاز 5 اکتوبر کو ہوگا۔ دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 7 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ 9 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔ تینوں ٹی ٹونٹی میچز لاہور میں کھیلے جائینگے اور تینوں میچز نائٹ ہونگے جو برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے جائینگے۔ یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم 10 سال کے بعد کراچی آئی ہے۔ مہمان ٹیم کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔