سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف اپیل منظور کرلی اور ان کی تاحیات نااہلی کالعدم قرار دے دی۔
سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اورجسٹس سجادعلی شاہ پرمشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی ختم کرتے ہوئے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کے لیے اہل قراردے دیا۔اس سے قبل آج صبح سپریم کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ اگر ہم کسی نتیجے پر پہنچ گئے تو آج ہی فیصلہ سنادیں گے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا جس کو انہوں نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔خواجہ آصف نے اپنی نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل 2مئی کو دائر کی تھی، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کاغذات نامزدگی میں بیرون ملک بینک اکاؤنٹ غیر ارادی طورپرظاہر نہ کرسکا۔
انہوں نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ اکاؤنٹ میں کاغذات نامزدگی کے ڈکلیئرڈ اثاثوں کی 0اعشاریہ 5 فیصد رقم تھی، موجودہ رٹ دائر ہونے سے قبل بینک اکاؤنٹ اور اقامہ ظاہر کر چکا تھا۔گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی تھی۔
عدالت نے ریمارکس دئیے تھے کہ یہ ایک شخص کی تاحیات نااہلی کا معاملہ ہے، عدالت باریک بینی سے معاملے کا جائزہ لے گی۔عدالت کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ تاحیات نااہلی کے لے ٹھوس وجہ ہونی چاہیے، ٹیکس نظام میں امراء کیلئے جان بوجھ کر گنجائش چھوڑی گئی ہے۔بشکریہ روزنامہ جنگ