ڈالر کے بعد سعودی ریال اور اماراتی درہم نے بھی روپے کو روند ڈالا، کرنسی مارکیٹ میں سعودی ریال 40 روپے 53پیسے جبکہ اماراتی درہم 41 روپے کی سطح تک پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران جہاں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا، وہیں اماراتی درہم اور سعودی ریال بھی مہنگے ہو گئے ہیں۔ چند روز کے دوران سعودی ریال اور اماراتی درہم کی قیمتوں میں بھی کئی روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ منگل کو کاروباری روز کے اختتام پر کرنسی مارکیٹ میں سعودی ریال کی قیمت خرید 40 روپے 20 پیسے جبکہ قیمت فروخت 40 روپے 70 پیسے رہی۔ دوسری جانب اماراتی درہم کی قیمت خرید 41 روپے جبکہ قیمت فروخت 41 روپے 50 پیسے رہی۔اماراتی درہم اور سعودی ریال کی قیمتوں میں اضافہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث ہوا۔ دوسری جانب منگل کو انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 2 روپے اضافے سے انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 152 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 2 روپے اضافے کے بعد 153 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔.دوسری جانب وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کے قرضے جی ڈی پی کا تقریبا 75 فیصد ہوگئے ہیں‘ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان رواں سال دسمبر تک 5ارب 72کروڑ ڈالر کے قرضے واپس کرنا ہیں. ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو اگلے ماہ کے آخر تک 1ارب 27 کروڑ ڈالر جبکہ جولائی سے دسمبر تک 4ارب 44کروڑ ڈالر واپس کرنا ہیں واجب الادا قرضوں میں آئی ایم ایف ،عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے قرضے شامل ہیں اور دسمبر سے پہلے 1ارب ڈالر مالیت کے بانڈ کی مدت بھی ختم ہو رہی ہے،بانڈ کی رقم بھی سرمایہ کاروں کو واپس لوٹانی ہوگی