ریاض:سعودی عرب نے امیر اور ہنر مند تارکین وطن کے لئے گرین کارڈ کے طرز کی خصوصی رہائشی اسکیم کا اعلان کر دیا ہے۔ آٹھ لاکھ سعودی درہم ادا کرنے والے افراد مستقل طور پر سعودی عرب میں رہ سکیں گے جبکہ ایک سال بعد قابل تجدید رہائش کی سہولت ایک لاکھ سعودی درہم میں مل سکے گی۔ سعودی کابینہ نے گزشتہ ماہ اس اسکیم کی منظوری دی تھی، تاہم اتوار کے روز عوام کے لئے اس کا آن لائن پورٹل کھول دیا گیا تاکہ لوگ اپلائی کر سکیں۔ اس اسکیم کے تحت غیرملکیوں کو سعودی عرب میں زمین خریدنے، آزادانہ نقل و حرکت کرنے اور کاروبار کرنے کی مکمل آزادی ہو گی۔ سعودی عرب میں ایک کروڑ سے زائد غیر ملکی کام کر رہے ہیں اور موجود نظام کے تحت انہیں کام کرنے کے لئے اقامہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس سے قبل مئی میں متحدہ عرب امارات نے بھی غیرملکیوں کے لیے گولڈن کارڈ اسکیم شروع کی تھی جس کے تحت غیرملکی افراد مستقل رہائش حاصل کر سکیں گے۔ اس اسکیم سے سرمایہ کار، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبوں کے ماہرین کے علاوہ غیرمعمولی طور پر ذہین طلبہ فائدہ اٹھا سکیں گے۔