عمران خان نے پلان پر عمل کردیاتوسیاست چھوڑدوں گا‘خورشید شاہ

0
706

اسلام آباد(ایجنسیاں ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے عمران خان کے 100روزہ پروگرام کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قبل از الیکشن دھاندلی کا اشارہ ہے‘عمران خان نے پلان پر عمل کردیاتوسیاست چھوڑدوں گا‘یہ عملی پلان نہیں محض دھوکہ ہے ‘الیکشن جیت کر پلان دیاجاتاہے پہلے نہیں‘تحریک انصاف الیکشن جیت بھی گئی توکوئی نتائج تسلیم نہیں کرے گا‘کپتان نے ایک کروڑ نوکریوں کی بات کی، صوبے میں پانچ ہزار بھی نہیں دے سکے‘عمران خان نے اس پر پانچ سال اپنے صوبے میں کام کیوں نہیں کیا‘ان چیزوں کو کے پی میں ثابت کر کے دکھانا چاہیے تھا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان کے 100 روزہ پلان کے اعلان پررد عمل میں خورشید شاہ نے کہا کہ اگر عمران خان نے اپنے پلان پر 100دن میں عمل کرلیاتو میں سیاست چھوڑدوں گا، میں اس کو عملی پلان نہیں بلکہ الیکشن شوشہ کہہ سکتا ہوں کیونکہ دعووں کی کوئی حقیقت بھی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے پاس ایک صوبہ تھا، وہاں عمل کیوں نہیں کیا‘کپتان نے ایک کروڑ نوکریوں کی بات کی، صوبے میں پانچ ہزار بھی نہیں دے سکے، کے پی میں ترقیاتی کام دیکھ لیں اور اسکولوں کی حالت دیکھ لیں۔خورشید شاہ کا کہناتھاکہ 100 دن کا پروگرام دینا پری پول رگنگ کا اشارہ بھی بنتا ہے کیونکہ الیکشن جیت کر 100 دن کا پروگرام دیا جاتا ہے پہلے نہیں، یہ الیکشن جیت کربیٹھے ہیں اس لیے 100 روزہ پروگرام دے دیا، یہ جیتے تو اب کوئی الیکشن ماننے کو تیار نہیں ہو گا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان نے جنوبی پنجاب کا جو لالی پاپ دیا اس میں کوئی حقیقت نہیں، پیپلزپارٹی کے سوا کسی جماعت نے عملی طور پر جنوبی پنجاب صوبے کی بات نہیں کی۔صحافی کے سوال پر کہ کیا احسن بھون جیسے کوئی سینئر وکیل بھی نگراں وزیراعظم ہو سکتاہے ؟ خور شید شاہ نے جواب دیا کہ جی احسن بھون بھی ہو سکتے ہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم سےآج گیارہ بجے مشاورتی ملاقات ہوگی‘ دوران ملاقات بھی نگراں وزیراعظم کا اعلان ہو سکتا ہے البتہ کل نگراں وزیراعظم کا اعلان نہ ہوا تو کچھ دن مزید لگ سکتے ہیں۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here