لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو وزیراعظم بننے سے پہلے وی آئی پی پروٹوکول دینے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو 8 اگست کے لیے نوٹس جاری کر دیئے۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شاہد کریم نے لائرز فاؤنڈیشن فارجسٹس کی درخواست پر سماعت کی جس میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ عمران خان وزیراعظم بننے سے پہلے ہی سرکاری مراعات اور پروٹوکول لے رہے ہیں، جو غیر قانونی ہے، وہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ اپنے ذاتی مفاد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
درخواست میں استدعاکی گئی ہے کہ عدالت وفاقی حکومت کو عمران خان سے وی آئی پی پروٹوکول واپس لینے کا حکم جاری کرے۔
اس موقع پر عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ وہ آئندہ پیشی پر ہدایات لے کر پیش ہوں۔بشکریہ روزنامہ جنگ