قانون کے سامنے سرجھکانا ہوگا،شہباز شریف

0
777

مظفر گڑھ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وہی ملک ترقی کرتے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے، قانون کے سامنے سرجھکانا ہوگا، نیب آئینی ادارہ ہے، پہلے بھی پیش ہوا، پھر بلائیگا تو جائونگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زرداری کی لوٹ مار اور عمران خان کے دھرنوں کیلئے نہیں بنا، جنہوں نے پانچ سال تک ایک دھیلے کا کام نہیں کیا آج وہ دو نہیں ایک پاکستان کی بات کرتے ہیں ۔ رجب طیب اردوان اسپتال مظفر گڑھ کے توسیعی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے صحت کے شعبہ میں حقیقی انقلاب برپا کر دیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں جنوبی پنجاب کی ترقی ایک مثال بن چکی ہے، ہم نے جنوبی پنجاب میں اسکول، کالج، یونیورسٹیاں، میٹرو اور سڑکیں بنائیں،دوبارہ موقع ملا تو اسے وسطی پنجاب کے برابر لاکھڑا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کہتے ہیں مرسو ں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں لیکن میں کہتا ہوں کہ ان کا مطلب ہے مرسو ں مرسوں کام نہ کرسوں- دوسری جانب عمران نیازی ہیں جنہوں نے پانچ سال تک دھرنے دیئے ، الزامات لگائے اور منفی سیاست کی، ایک دھیلے کا کام نہیں کیا- انہوں نے کہا کہ میں انہیں کہتا ہوں اگر یہ دیکھنا ہے تو مظفر گڑھ میں آئیں اور مظفر گڑھ کا اسپتال دیکھیں جس نے امیر اور غریب کی تفریق مٹا دی ہے – ہم نے پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں علامہ اقبال کے اس شعر کہ ! ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود ایاز …نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز- کو لاگو کر دیا ہے – رجب طیب اردوان اسپتال مظفر گڑھ کو ایک ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے 140سے380 بیڈز تک توسیع دی گئی ہے۔ توسیعی منصوبے سی ٹی سکین مشین ، ہیپا ٹائٹس فلٹر کلینک اور ٹراما سنٹر شامل ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور انتظامات کو سراہا۔ وزیراعلی نے کہا کہ خطے کے عوام سوچتے تھے کہ کیا پاکستان صرف لاہور ، کراچی اور اسلام آباد ہے ؟ کیا جنوبی پنجاب ملک کا حصہ نہیں ہے ؟انہوں نے کہا کہ ہم نے آپ کی اس سوچ کو بدل دیا ہے اور جنوبی پنجاب میں تقریبا 5 ارب روپے کی لاگت سے اس شانداراسپتال کا پہلا مرحلہ مکمل کیا ہے -اگر اللہ کو منظور ہوا اور عوام نے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو انشاء اللہ ڈیڑھ سال میں دوسرے اڑھائی سو بستروں کے مرحلے کو مکمل کرائیں گے – 113 ایکڑ رقبے پر محیط اس شاندار اسپتال میں دل کے آپریشن ہو ں گے ، کینسر ، آنکھوں، جگر اور گردے کے امراض کا علاج ہو گا- انہوں نے کہا کہ مجھے صرف عوام کی دعائیں چاہئیں اور کچھ نہیں – اگر خدمت کے بدلے دعائیں مل گئیں تو انشاء اللہ میرے گناہ معاف ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی سوچ سکتا تھا کہ جنوبی پنجاب میں ملک کا نمبر ون اسپتال بنے گا- یہ اسپتال بنا کر ہم نے آپ کا قرض چکا دیا ہے جو ہم پر واجب تھا۔ شہباز شریف نے شہر سلطان میں یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے نے 11 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے جدید ترین ٹراما سنٹر کا بھی دورہ کیا ۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here