شارجہ کے عوام اور شاہی خاندان اس وقت سوگ کی کیفیت سے گزر رہے ہیں۔ اس کی وجہ شارجہ کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے نوجوان فرد کے اچانک انتقال کی خبر ہے۔ شاہی حکمران کے دربار کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ شارجہ کے فرمانروا اور اماراتی سُپریم کونسل کے ممبرعزت مآب ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی کے صاحبزادے شیخ خالد بن سلطان بن محمد القاسمی یکم جولائی 2019(بروز سوموار) برطانیہ میں انتقال کر گئے ہیں۔ شہزادہ خالد بن سلطان لندن میں مقیم تھے جب رضائے الٰہی سے اُن کی زندگی اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔ جواں سال شہزادہ خالد بن سلطان کی وفات پر شارجہ میں تین دِن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر تمام سرکاری عمارات پر اماراتی پرچم سرنگوں رہیں گے ۔ شہزادہ شیخ خالد بن سلطان کی میت کے شارجہ پہنچنے اور اُن کی نمازِ جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ شارجہ کے شاہی دربار کی جانب سے جاری اعلان میں شارجہ کے حکمران ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی ، اُن کے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے اور مرحوم شیخ خالد کی جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دُعا بھی کی گئی ہے۔ شہزادہ خالد کی وفات کی خبر پر دیگر اماراتی ریاستوں کے فرمانرواؤں، اعلیٰ حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات اور ممتاز کاروباری افراد کی جانب سے انتہائی افسوس اور غم کا اظہار کیا گیا ہے اوراللہ تعالیٰ سے سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمانے کی دُعائیں بھی کی گئی ہیں۔