نواز شریف کاضمانت لینا ایک بہانہ ہے، اصل نشانہ لندن جانا ہے‘

0
401

اسلام آباد (آئی این پی،جنگ نیوز، مانیٹرنگ سیل) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیماری یا عدالت سے ضمانت لینا ایک بہانہ ہے، اصل نشانہ لندن جانا ہے، جھوٹ پر مبنی عوام کو ورغلانے کا بیانیہ دم توڑ گیا اور عمران خان کا بیانیہ جیت گیا ہے،ہم نئے پاکستان کی منزل کی طرف رواں دواں ہیں۔جبکہ نواز شریف کی ضمانت پر رہائی میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے پر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کسی جرم کی نہیں بلکہ عوام کی آواز بننے کی سزا بھگت رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ قانونی مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے، جہانگیرترین اورعلیمہ باجی کو این آراو دینا قوم سے غداری ہے۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ نے پارلیمانی لیڈر تبدیل کر دیا ہے اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کو بھی تبدیل کر دیا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اپوزیشن کی تمام دلیلیں ہار گئیں اور عمران خان کا بیانیہ جیت گیا کہ کوئی بھی ایسا شخص جس کا دمن داغدار ہو اسے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر نامزد نہیں ہونا چاہیے،لاپتا اپوزیشن لیڈر لندن میں سیر و تفریح کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کیلئے چھ ہفتوں کی ضمانت دی تھی اور آج میڈیا کے ذریعے ہمیں معلوم ہوا ہے کہ عدالت نے باہر جانے سے متعلق ان کی درخواست مسترد کر دی ہے جس پر میں صرف اتنا کہنا چاہونگی کہ جب نیب اپوزیشن لیڈرکوبلاتا ہے تووہ بیمارہوجاتے ہیں،عدالتیں حقائق کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہیں،پاکستان کی عدلیہ آزاد ہے جس نے علاج کی سہولت کیلئے نواز شریف کو ریلیف دیا لیکن اس دوران وہ اپنے علاج معالجے سے زیادہ کاروباری اور خاندانی مفادات کو اکٹھا کرنے اور محفوظ کرنے میں لگے رہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عدالتیں حقائق پر چلتی ہیں اور عوام اصل چہروں کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں، جو حقائق سامنے آ رہے ہیں وہ اشارہ دے رہے ہیں کہ پاکستانی سیاست میں من گھڑت بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈے کے ذریعے عوام کو ورغلانے کا سلسلہ دم توڑ چکا ہے اور عوام اس بیانئے کے ساتھ نہیں ہیں، اب بھی وقت ہے کہ اپوزیشن عوامی مفاد میں آگے بڑھے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت اور اپوزیشن مشترکہ اسٹریٹجی کے تحت کام کریں کیونکہ ہم نے پارلیمینٹ کو چلانا ہے، ادارے اپنا کام کریں اور عوامی مفاد میں فیصلے کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا تھا، وزیر اعظم عمران خان نے ادویات کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کر دی ہیں۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ضمانت پر رہائی میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف کی قربانیاں جتنی سخت ہیں ان کا پھل بھی اتنا ہی میٹھا ہوگا اور یہ پھل قوم کی آنے والی نسلوں کیلئے ہے، میں ایک بار پھر کہتی ہوں کہ نوازشریف انشاء اللہ آپ کا سر جھکنے نہیں دیگا کیونکہ نواز شریف کی جدوجہد عوام کیلئے ہے۔ علاوہ ازیں ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جمعہ کو ترجمان مسلم لیگ (ن)مریم اورنگزیب کا نوازشریف کی درخواست ضمانت میں توسیع مسترد ہونے کے بعد کہا کہ قانونی مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے، قوم سے غداری یہ ہے کہ مشرف اورپیپلز پارٹی کے لوگوں کو کابینہ میں شامل کرکے چورچورڈاکو ڈاکو کا نعرہ لگارہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ کیا ہم عدالتوں سے این آراو لے رہے ہیں؟ حکومت یہ بتائے کہ کس سے این آراولے رہے ہیں۔ یہ قوم سے غداری ہے کہ 16 ارب قرض لے کرعمران خان چوری کررہے ہیں جب کہ قوم سے غداری یہ بھی ہے کہ جہانگیر ترین اورعلیمہ باجی کو این آر او دی دیا گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ گیس، بجلی جو مہنگی ہوئی، حکومت اس کا اوروزارت پیڑولیم میں جو ڈاکا مارا گیا اس کا جواب دے۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here