ن لیگ کو ایک دن میں تین بڑے دھچکے

0
410

مسلم لیگ ن کو ایک ہی دن میں تین بڑے دھچکے لگے ہیں، سعد رفیق اور سلمان رفیق کو پیراگون ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں عبوری ضمانت کی درخواست مسترد ہونے پر گرفتار کرلیا گیا، حمزہ شہباز کو لندن جانے سے روک کر ایئرپورٹ سے گھر بھیج دیا گیا اور نام بلیک لسٹ میں شامل کردیا جبکہ نیب نے مریم اورنگزیب کے اثاثوں کی چھان بین بھی شروع کردی ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی اور شہباز شریف کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن نئے بھنور میں پھنس گئی ہے اور ایک ہی دن میں تین دھچکے برداشت کرنا پڑے ہیں۔
پہلا دھچکا۔۔۔ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو گرفتار کرلیا، سابق وفاقی وزیر پیراگون ہاوسنگ کیس میں عبوری ضمانت پر تھے، آج ضمانت کی مدت ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے تو مزید ضمانت کی درخواست مسترد ہوگئی، جس کے بعد نیب حکام نے عدالت کے احاطے سے گرفتار کرلیا۔
سعد رفیق نے رد عمل میں کہا کہ ہمارے صبر کا امتحان لیا جارہا ہے، عوام کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔
دوسرا دھچکا۔۔۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو لندن جانے سے روک دیا گیا اور لاہور ایئرپورٹ سے واپس گھر بھیج دیا گیا، حمزہ شہباز اپنے بھائی سے ملنے لندن جارہے تھے، امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچ کر پتہ چلا کہ نام بلیک لسٹ میں شامل ہے، یوں وہ غیر ملکی پرواز میں سوار نہ ہوسکے۔تیسرا دھچکا۔۔۔نیب حکام نے ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے اثاثوں کی چھان بین شروع کردی ہے۔نیب کا کہنا ہے کہ کارروائی مریم اورنگزیب کے خلاف شکایت ملنے پر شروع کی گئی ہے، شکایت کرنے والے نے مریم اورنگزیب کے اثاثوں کی تفصیلات بھیجی ہیں لیکن شکایت کرنے والا کون ہے؟ نیب نے یہ بتانے سے انکار کردیا۔یوں ایک ہی روز میں مسلم لیگ ن کو اپنے تین اہم رہنماؤں کے خلاف اچانک کارروائیوں کے جھٹکے سہنے پڑے۔دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ون ٹو ون ملاقات میں خواجہ برادران کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ملاقات میں شہباز شریف نے اسد قیصر سے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست بھی کی۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here