پاکستان آسٹریلیا اور زمبابوے ٹی 20 سیریز ہو گی

0
786


کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق جولائی میں پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان تین ملکی ٹی 20 انٹرنیشل سیریز زمبابوے میں کھیلی جائے گی۔
تین ملکی سیریز کے بعد زمبابوے اور پاکستان کے مابین پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔
یہ تین ملکی سیریز زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں واقع ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلی جائے گی جبکہ بلاوائیو پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گا۔
یہ سنہ 2014 کے بعد آسٹریلیا کا زمبابوے کا پہلا دورہ ہو گا جبکہ آسٹریلیا پہلی بار زمبابوے میں ٹی 20 میچوں میں سامنا کرے گا۔
زمبابوے کرکٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر فیصل حسنین کا کہنا تھا کہ ‘کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد ہمیں یہ تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہے کہ ہم پاکستان اور آسٹریلیا کے ساتھ تین ملکی ٹی 20 سیریز کھیل رہے ہیں، جس کے بعد پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز بھی منعقد ہو گی۔’
آسٹریلیا کو مارچ اور اپریل میں جنوبی افریقہ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-3 سے شکست کا سامنا ہوا تھا اور اس سیریز میں بال ٹیمپرنگ کا تنازع سامنے آنے کے بعد زمبابوے کا دورہ آسٹریلیا کے لیے کڑا امتحان ثابت ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے باعث کپتان سٹیو سمتھ، کیمرون بین کروفٹ اور ڈیوڈ وارنر معطل ہیں جبکہ کوچ ڈیرن لیمین مستعفی ہو گئے تھے۔
ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان ہیں اور انھیں 12 ماہ معطلی کا سامنا ہے جبکہ وہ تاحیات کپتانی کے فرائض بھی سرانجام نہیں دے سکیں گے۔
یکم جولائی سے شروع ہونے والے اس ٹی 20 سہ ملکی ٹونامنٹ میں کل سات میچ کھیلے جائیں گے۔ تینوں ٹیمیں آپس میں دو، دو میچ کھیلیں گی جبکہ فائنل میچ آٹھ جولائی کو کھیلا جائے گا۔بشکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here