پیپلز پارٹی کی شیری رحمان سینیٹ کی پہلی خاتون قائد حزب اختلاف مقرر

0
741


پاکستان میں حزبِ اختلاف کی بڑی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کو سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکشن میں شیری رحمان کی تقرری کا اعلان کیا گیا ہے۔
نوٹیفیکشن کے مطابق شیری رحمان کو ایوان میں حزب اختلاف کے 34 ارکان کی حمایت حاصل تھی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے ایوان بالا میں کسی خاتون نے قائد حزب اختلاف کا عہدہ سنبھالا ہے۔
خیال رہے کہ سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد اس وقت 20 ہے اور سینیٹ میں دوسری سب سے بڑی جماعت ہے۔
پیپلز پارٹی کے ہی سینیٹر سلیم مانڈوی والا حال ہی میں متحدہ اپوزیشن کی جانب سے متفقہ امیدوار کے طور پر ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوئے تھے اور اس انتخاب میں حکمراں جماعت مسلم لیگ نون کے امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار کے لیے پیپلز پارٹی سلیم مانڈوی والا کو ووٹ دینے کے باوجود سینیٹ میں حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف نے قائد حزب اختلاف کے لیے اعطز سواتی کو امیدوار نامزد کیا تھا تاہم وہ مقررہ ارکان کی حمایت نہیں حاصل کر سکے۔
شیری رحمان ماضی میں امریکہ میں پاکستان کی سفیر اور بینظیر بھٹو کے دورہ حکومت میں وفاقی وزیر اطلاعات کے عہدوں پر بھی رہ چکی ہیں۔
شیری رحمان کو نومبر دو ہزار گیارہ میں ان کے پیش رو حسین حقانی کے مستعفی ہونے کے بعد سفیر مقرر کیا گیا تھا۔
اپنی نامزدگی کے بعد انھوں نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ’ان سے پہلے قائد حزبِ اختلاف اعتزاز احسن ‘ایک مضبوط رکن پارلیمان رہے ہیں اور ان کی جگہ لینے کے لیے مجھے بہت تندہی سے کام کرنا ہوگا’۔شکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here