زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر کی اونچی اْڑان جمعرات کودوسرے دن بھی رکی رہی اورڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے نے بھی جان پکڑلی۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق گزشتہ 5 روزکے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر10روپے مہنگا ہوا ہے۔ جمعرات کو انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں50،50 پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر گھٹ کر151روپے45پیسے ہوگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدرگھٹ کر152روپے50پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ زرمبادلہ کی مارکیٹ میں 2 روز سے ڈالر کی قدرمیں اضافے کا تسلسل رکنے پرماہرین کاخیال ہے کہ ساڑھے7فیصد ڈی ویلیوایشن کے بعد ڈالربلحاظ قدراپنی انتہائی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ بظاہر یہ نظر آرہا ہے کہ آزاد مارکیٹ فورسزکی جانب سے ڈالر کی قدر میں جتنااضافہ کرنا تھا وہ ہوچکا ہے اور ڈالر150 تا 152روپے کی درمیان کی سطح پر آچکا ہے جو کچھ مدت تک برقرار رہ سکتی ہے۔ یوں روپیہ اپنی سیٹلمنٹ پر جارہاہے۔ ذرائع نے بتایا کہ برآمدکنندگان بھی بیرونی ممالک سے زرمبادلہ کی صورت میں آنے والی اپنی برآمدی ترسیلات بھی زرمبادلہ کی مارکیٹ میں فروخت کررہے ہیں جوڈالر کی رسد میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔