ڈاکٹر شاہد مسعود کا اپنے دعووں پر عدالتی جواب میں ندامت کا اظہار

0
318


پاکستان میں نجی ٹی وی چینل نیوز ون کے اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب داخل کرایا ہے جس میں زینب قتل کیس میں اپنے ’جھوٹے‘ دعووں پر ندامت کا اظہار کیا ہے۔
گذشتہ دنوں پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے زینب قتل کیس کے حوالے سے ڈاکٹر شاہد مسعود کے دعووں کے بارے میں از خود نوٹس کی سماعت میں انھیں کہا تھا کہ معافی مانگنے کا وقت اب گزر چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کے وکیل شاہ خاور نے اپنے موکل کی جانب سے دستخط شدہ جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ ان کی دعووں کی جانچ پڑتال اور تحقیقات کے حوالے ایف آئی اے کی رپورٹ کو چلینج کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں کیونکہ اس تحقیقاتی کمیٹی کو عدالت نے قائم کیا تھا تو اس مرحلے پر وہ اس کی سچائی پر سوال نہیں اٹھائیں گے۔
اپنے جواب میں ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے دعووں کے بارے میں مزید لکھا کہ انھوں نے اپنے دعووں میں جو کچھ بھی کہا تھا خلوص کے ساتھ کہا اور کسی کو گمراہ کرنے کی نیت سے نہیں اور یہ سب بے ساختہ تھا۔
’اس سے عدالت کو بھی زحمت ہوئی اور باقی جو لوگ اس سے متاثر ہوئے اور ان کی دل آزاری ہوئی اس پر میں ندامت کا اظہار کرتا ہوں اور اس کے ساتھ عدالت کو اس بات کی یقین دہانی کراتا ہوں کہ آئندہ کوئی بھی ایسی بات کرنے سے پہلے ضروری احتیاط کا مظاہرہ کروں گا۔‘
خیال رہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا تھا کہ ملزم عمران علی کے پاکستان میں غیر ملکی کرنسی کے 37 اکاونٹس ہیں اور ان کا تعلق بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے کسی بین الاقوامی گینگ سے ہے۔
اس پر سپریم کورٹ میں اپنے جواب میں ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ زینب قتل کیس کے وقت وہ ایک صحافی کے طور پر نہیں بلکہ ایک والد اور شہری کے طور پر بہت زیادہ جذباتی ہو گئے تھے اور انھیں اس پر بہت زیادہ تشویش تھی۔
انھوں نے مزید وضاحت پیش کی کہ ان کے پاس کچھ ایسی معلومات تھیں کہ یہاں ایک بین الاقوامی گینگ سرگرم ہے جو بچوں پر جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیوز کو براہ راست ڈارک ویب پر نشر کرتا تھا اور زینب کے کیس میں سامنے آنے والے حقائق و شواہد ’میری معلومات سے بہت زیادہ مطابقت رکھتے تھے۔‘
خیال رہے کہ اس سے پہلے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کی اس حوالے سے جو رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی تھی اس میں ان تمام دعووں کی نفی کی گئی جو ڈاکٹر شاہد نے اپنے ٹی وی پروگرام میں کیے تھے۔
گذشتہ بدھ کو ہونے والی سماعت میں عدالت کا کہنا تھا کہ اگر آپ نے معافی مانگی تو پھر دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے۔
ڈاکٹر شاہد مسعود نے عدالت میں پیش ہو کر معافی کی درخواست کی تھی۔
بدھ کو اس سے پہلے سپریم کورٹ سے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے ان دعووں پر عدالت سے معافی مانگیں گے جس پر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ اس بارے میں سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔شکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here