پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں نواز شریف اور عمران خان پر تنقید کے تیر برساتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں ، انہوں نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔
بلاول ہاؤس لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان لمبی لمبی تقریریں کرتے ہیں ، ان کے پاس منشور میں کچھ نہیں ، جو کام میں پانچ سال پہلے کرتا ہوں ان کو پانچ سال بعد یاد آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے جمہوریت، اداروں اور سیاست کو نقصان پہنچایا، یہاں کوئی مودی کا یار بننا چاہتا ہے تو کوئی کھانا کھلانا اور کوئی انڈسٹری لگانا چاہتاہے،ہر ایک کا اپنا ایجنڈاہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان پبلک لمیٹڈ کمپنی نہیں قوم و ملک ہے، ایسا لگتا ہےحکمرانوں کو قوم سے نہیں باہر کی دنیا سے پیار ہے، پی پی پی کو پتہ ہے پاکستان کا دشمن ہمارا دشمن ہے۔
آصف علی زرداری نے عمران خان کی سیاست پربھی تنقید کی اور کہا کپتان صاحب کی ڈیفنس اورخارجہ پالیسی کہاں ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ہمسائیوں سےاچھے تعلقات تھے، وہ وقت دور نہیں جب کامیابی پی پی پی کے قدم چومے گی۔بشکریہ روزنامہ جنگ