وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگانے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں فیصل واوڈا نےکہا کہ ہم سندھ میں فارورڈ بلاک کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کوئی کرپشن میں ملوث ہو تو 14 برس سزا دی جائے۔ فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ بانی ایم کیو ایم ایک کرمنل ہیں، علی رضا عابدی کے قاتل ہر صورت میں گرفتارہوں گے،اس حوالے سے اچھی خبر جلد دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی رضا عابدی کےقتل میں میرا شک بانی ایم کیو ایم پر ہے،جن کی باقیات کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر آبی وسائل نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم کا پرانا طریقہ ہے، اپنے لوگوں کو مار کر دوسرے پر ڈال دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بھارتی وزیراعظم کے سب سے بڑے دوست ہیں،فوج کو بدنام کرنے والوں میں وہ بھی شامل ہیں، بہت سارے اسٹیک ہولڈرز ہیں انہیں بریفنگ دوں گا۔بشکریہ روزنامہ جنگ