گیم شوز: فہد مصطفیٰ سمیت نو کو توہینِ عدالت کے نوٹس جاری

0
592

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود ماہِ رمضان میں ٹی وی چینلز پر گیم شوز چلانے پر چینلوں کے سربراہان اور شو کے میزبانوں سمیت نو افراد کو توہینِ عدالت کے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے اے آر وائی کے شو کے میزبان فہد مصطفیٰ، بول ٹی وی پر پروگرام کرنے والے نیبل اور ٹی وی ون پر شو کرنے والے ساحر لودھی کے علاوہ ان چینلز کے سربراہان کو بھی آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے پیر کو اس ضمن میں دائر کی جانے والی درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار وقاص ملک دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود مختلف ٹی وی چینلوں پر رمضان کے مہینے میں ایسے پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں انعامات دیے جارہے ہیں۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ نہ صرف ایسے پروگراموں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کی جائے بلکہ ان کی جگہ دین اسلام سے متعلق پروگرام نشر کیے جائیں۔
پیمرا کے اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ ان کے ادارے نے ان ٹی وی چینلز کے مالکان اور پروگرام کی میزبانی کرنے والے افراد کو نوٹس جاری کیے ہوئے ہیں جو عدالتی حکم کے باوجود انعامی پروگرام چلا رہے ہیں۔
جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کو کسی طور پر بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ ’اینکرز پرسن شاید عدالتی احکامات کو بہت ہلکا لے رہے ہیں۔‘شکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here