آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی تاحیات ہے: سپریم کورٹ

0
765


پاکستان کی سپریم کورٹ نے ارکان پارلیمان کی نااہلی کی مدت کے تعیّن سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی تاحیات ہے یعنی اس شق کے تحت نااہل ہونے والا شخص عمر بھر الیکشن نہیں لڑ سکتا۔
سابق وزیر اعظم اور حکمراں جماعت کے قائد میاں نواز شریف اور حزب مخالف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کی نااہلی بھی آئین کے اُسی آرٹیکل کی تحت ہی ہوئی ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل پانچ رکنی بینچ نے آرٹیکل ون ایف کے تحت نااہلی کی مدت کی تشریح کے لیے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کے بعد 14 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو جمعے کو سنایا گیا۔
سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے یہ فیصلہ متفقہ طور پر دیا ہے۔ فیصلہ جسٹس عمر عطا بندیال نے تحریر کیا جبکہ جسٹس عظمت سعید نے اس کے ساتھ اضافی نوٹ بھی تحریر کیا ہے۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق عدالتِ عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 62 ون ایف امیدوار کی اہلیت جانچنے کے لیے ہے، اس میں نااہلی کی معیاد کا ذکر نہیں۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عوام کو صادق اور امین قیادت ملنی چاہیے اور اگر ایسا نہیں ہوتا آئین میں بھی لکھا ہوا ہے کہ ایسے شخص کی نااہلی تاحیات رہے گی اس لیے جب تک عدالتی ڈیکلریشن موجود ہے، نااہلی رہے گی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا جب تک جس بنیاد پر نااہلی کا فیصلہ کیا گیا ہے اگر اس فیصلے کے خلاف کوئی فیصلہ آجاتا ہے اور تو یہ نااہلی غیرموثر ہوجائے گی۔
’فیصلہ پہلے آتا ہے اور ٹرائل اور مقدمہ بعد میں کیا جاتا ہے‘
وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس فیصلے کے ردعمل میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ پہلے آتا ہے اور ٹرائل اور مقدمہ بعد میں کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ آج بھی نیب ٹرائل کورٹ میں جاری ہے۔ کوئی بھی دستاویز موجود نہیں جس کے مطابق نواز نے اپنے بیٹے سے تنخواہ لی ہو۔’
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‘نواز شریف ابھی تک کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہوا اور اسی الزام کی بنیاد پر انھیں نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔’
انھوں نے کہا کہ ‘پہلے نااہل کیا پھر پارٹی کی صدارت سے ہٹایا اور سینیٹ کے الیکشن سے روکا گیا اور آج نااہل کر دیا۔ جس وزیراعظم کو پاکستان کے عوام نے ووٹ سے منتخب کیا اس کا فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔’
خیال رہے کہ مقدمے کی آخری سماعت کے موقع پر اٹارنی جنرل اشتراوصاف نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ کہ عدالت کو کسی بھی رکن پارلیمان کو نااہل قرار دینے کے لیے ہر مقدمے کو الگ الگ دیکھنا ہوگا۔
اٹارنی جنرل کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی مدت کا تعین نہیں ہے اور پارلیمنٹ ہی اس کے تعین کے بارے میں قانون سازی کر سکتی ہے۔شکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here