عمران کی صورت میں دوسرابانی متحدہ نہیں چاہتے،بلاول بھٹو

0
867


پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی سیاست کچرے پر ٹکی ہوئی ہے وہ شہر کو صاف نہیں دیکھنا چاہتی ، صوبائی حکومت نے میئر کو اربوں روپے دیے ہیں،عمران کی صورت میں دوسرابانی متحدہ نہیں چاہتے۔

لیاقت آباد کے ٹنکی گرائونڈ میں جلسہ عام سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہر کے ایم این اے ،ایم پی ایز ان کے ، میئر ان کا ہے ،جس کو ووٹ ملتا ہے کام کرنا بھی اس کی ذمہ داری ہے ۔

ان کا کہناتھاکہ میئر صاحب جب آپ جیل میں تھے تو رہائی کےلئے سب سے پہلے میں نے آواز اٹھائی،صوبائی حکومت نے شہر کی ترقی کےلئے اربوں روپے دیے ، حساب مانگتے ہیں تو آپ بے اختیار ہونے کا رونا روتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے جلسے سے خطاب میں ایم کیو ایم کو’ مستقل قومی مصیبت ‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ووٹ ہمیں دو لیکن کام نہ ہونے پر گالیاں پیپلز پارٹی کو دو، کراچی والوں کی بڑی مشکل سے بانی متحدہ سے جان چھوٹی ہے انہوں نے دوران تقریر عمران خان کو بھی ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ پہلے لندن سے کراچی چلایا جاتا تھا اب بنی گالہ سے چلانے کا خواب دیکھا جارہا ہے ،بانی متحدہ اور عمران خان یکساں ہیں،ایک معافی مانگتا ہے دوسرا دھرنا دیتا ہے۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ طالبان کے بچھڑے ہوئے بھائی عمران خان کو شہر کا امن پسند نہیں ،پی ٹی آئی شہر میں نفرت کی سیاست کرنا چاہتی ہے ۔
ان کا کہناتھاکہ عمران خان دو نہیں ایک پاکستان کا نیا نعرہ لے کر آئے ہیں،وہ خیبرپختونخوا میں 5سال میں ایک نیا اسپتال نہیں بناسکے ،وہ ملک بھر میں کرپشن کے خلاف بولتےہیں لیکن اپنے صوبے میں کرپشن کا معاملہ دبادیتے ہیں۔
پی پی چیئرمین نے اس دوران ن لیگ کی حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ شریف برادران سیاست چمکانے کےلئے آتے ہیں،میاں صاحب اب ووٹ کی عزت کے نام پر عزت نہیں مل سکتی ۔
انہوں نے عباسی شہید اسپتال کو جدید اسپتال میں بدلنے ،صنعتیں بحال کرنے ،شہر یوں کی پیاس بجھانے کا اعلان کیا اور کہا کہ میں کراچی والا ہوں ،میرا ساتھ دو ،میں شہر کی قسمت بدل دوں گا۔
خطاب کے آغاز میں بلاول بھٹو نے کراچی میں پارٹی کے شہدا کویاد کیا اور کہا کہ لیاقت آباد سے پہلے نفرت کا نعرہ لگایا جاتا تھا
اس سے قبل سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو گلیوں میں مارا جاتا تھا، ہم نے صبر کے ساتھ کارکنوں کی لاشیں اٹھائیں لیکن شہر کی روشنوں کو ہم نے ختم نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ موجودہ مسلم لیگی حکومت نے عوام دشمن بجٹ دیا ہے، یہ بجٹ موٹے موٹے پیٹ رکھنے والے تاجروں کا بجٹ ہے، یہ بجٹ کارپوریٹ بجٹ ہے، پیپلز پارٹی اسے رد کرتی ہے۔
رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور اب بھی جدوجہد کرےگی،کوئی کہتا ہے میں تبدیلی لارہا ہوں، کونسی اور کیسی تبدیلی لارہےہو؟غریبوں کی قسمت تبدیلی سے نہیں بدلتی، تبدیلی اس وقت آتی ہے جب غریبوں کا انقلاب برپا ہوتا ہے۔بشکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here