نمبر ایک رینکنگ برقرار رکھنی ہے تو غیرمعمولی کھیل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔سرفراز

0
758

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم کو ٹی 20 کی عالمی نمبر ایک رینکنگ برقرار رکھنی ہے تو اسے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں غیرمعمولی کھیل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف تین 20 انٹرنیشنل میچ یکم دو اور تین اپریل کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اس وقت ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے اور اگر پاکستانی ٹیم تین میچوں کی یہ سیریز دو ایک سے بھی جیتنے میں کامیاب ہو گئی تو وہ اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھے گی۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ان پر یقیناً دباؤ ہو گا کیونکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کاغذ پر اگرچہ اتنی زیادہ مضبوط نہیں ہے لیکن اس کے بیٹسمین کافی عرصے سے ٹی 20 کھیلتے آرہے ہیں اور یہ ایک ایسا فارمیٹ ہے جس میں کوئی بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اگر بیٹسمین پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اچھا سکور کرتے ہیں تو ان کے بولروں میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اس سکور کا دفاع کر سکیں۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وہ نیشنل سٹیڈیم میں 2008 میں کھیلے تھے اور اب دس سال بعد دوبارہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے پر بہت زیادہ خوش اور پرجوش ہیں۔
پاکستانی کپتان نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ شائقین نے جس غیرمعمولی جوش و خروش کا مظاہرہ پی ایس ایل کے فائنل کے موقعے پر کیا تھا وہ اس سیریز میں بھی اسی جوش و خروش کا مظاہرہ کریں گے کیونکہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ سب کی کوششوں کے نتیجے میں بین الاقوامی کرکٹ پاکستان میں واپس آئی ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ پہلے میچ کے لیے 12 رکنی سکواڈ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جن میں سے 11 رکنی ٹیم منتخب کی جائے گی۔
12 رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
سرفراز احمد (کپتان )، فخرزمان، احمد شہزاد، بابر زمان، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر اور حسن علی۔شکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here