نواز شریف مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے

0
783


پاکستان کے قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعظم اور حکمراں جماعت کے سربراہ میاں نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق نیب نے وزارت داخلہ کو خط لکھنے کی تصدیق کی ہے۔
اس خط میں کہا گیا ہے کہ چونکہ ان تینوں ملزمان کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں زیر سماعت مقدمات اپنے حتمی مراحل میں ہیں، اس لیے اُنھیں خطرہ ہے کہ ملزمان ان ریفرنس کے فیصلے سے قبل ہی بیرون ملک فرار ہو جائیں گے۔
پاناما لیکس سے متعلق درخواستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کو نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف دائر ہونے والے ریفرنس کا فیصلہ چھ ماہ میں کرنا ہے اور سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی ڈیڈ لائن مارچ کے دوسرے ہفتے میں ختم ہو رہی ہے۔
اس سے پہلے لاہور کے نیب آفس نے سابق وزیر اعظم اور دیگر ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے نیب ہیڈ کوراٹر کو خط لکھا تھا تاہم اس پر نیب نے کوئی عملی قدم نہیں اُٹھایا تھا۔
نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز نے احتساب عدالت میں دو ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت 15 فروری کو ہوگی۔
حکمراں جماعت کے ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن جا رہے ہیں اور مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔
دوسری طرف نیب نے نواز شریف کے خلاف دو ضمنی ریفرنس بھی دائر کر دیے ہیں جن میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ سٹیل مل شامل ہیں۔
شکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here