کراچی کنگز پلے آف مرحلے سے باہر

0
458

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں ایک رن سے شکست کے بعد پلے آف مرحلے سے باہر ہوگئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے 192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 190 رنز بناسکی۔کپتان بابر اعظم تو متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے تاہم شرجیل خان نے 44 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا۔ کراچی کنگز کی ٹیم 80 رنز پر جہاں 5 وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی اور جیتنے کے لیے درکار رنز اور گیندوں میں بھی بڑا فرق تھا تو ایسے میں عماد وسیم اور قومی انڈر19 ٹیم کے کپتان قاسم اکرم نے شاندار سنچری شراکت بنا کر جیت کی امیدوں کو یقین میں بدل دیا۔ عماد وسیم 28 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیل کر آخری اوور میں غلط شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوگئے۔ ایسے وقت پر جہاں کراچی کنگز کو جیت کے لیے چار گیندوں پر 4 رنز درکار تھے، ایسے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے وقاص مقصود نے نپ تلی گیند بازی کرکے دو وکٹیں لیں اور آخری گیند پر رن آؤٹ کرکے ٹیم کو ایک رنز سے جیت دلوادی۔ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود قاسم اکرم اسٹرائیک پر نہ آسکے، انہوں نے 26 گیندوں پر 51 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے وقاص مقصود 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، آصف علی نے دو جبکہ لیام ڈاسن اور ذیشان ضمیر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔یونائیٹڈ کے آصف علی کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔ میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے تقریباً تمام ہی بلے بازوں نے اس بڑے ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا تاہم کپتان شاداب خان 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ فہیم اشرف نے 29، آصف علی نے 28، ایلکس ہیلز نے 25، اعظم خان نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم 2 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے، جبکہ میر حمزہ، کرس جورڈن، عمید آصف، جورڈن تھامسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 42 رنز سے شکست دی تھی۔کراچی کنگز کی ٹیم کپتان بابر اعظم، شرجیل خان، جو کلارک، جورڈن تھامپسن، محمد نبی، صاحبزادہ فرحان، قاسم اکرم، عماد وسیم، کرس جورڈن، عمید آصف اور میر حمزہ پر مشتمل تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان شاداب خان، رحمان اللہ گرباز، ایلکس ہیلز، محمد اخلاق، آصف علی، اعظم خان، حسن علی، لیام ڈاسن، فہیم اشرف، وقاص مقصود اور ذیشان ضمیر شامل تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here