کشمیر سے متعلق بیان پر قائم ہوں، شاہد آفریدی

0
668

پاکستان کرکٹ کےسابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میں کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہوں، بھارتی میڈیا منفی کردار ادا کررہا ہے، یہ میڈیا ہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کبھی بہتر نہیں ہوسکتے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے کشمیر سے متعلق شاہد آفریدی کےبیان کو تنقید کا نشانہ بنا یا گیا جس کے بعد شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی عوام پاکستانیوں اور پاکستانی کرکٹرز سے پیار کرتی ہے لیکن میڈیا ہمیشہ کی طرح منفی کردار ادا کررہا ہے، میں نے بھارت کے خلاف اس لیے بیان دیا تھا کہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ہورہے ہیں حالیہ دنوں میں بھارتی فوج نے درجنوں بے گناہ کشمیریوں کو موت کی نیند سلا دیا ہے، میں اپنی فاؤنڈیشن بھی انسانیت کی خدمت کے لئے چلارہا ہوں، کشمیر ہو یا کوئی اور ملک جہاں بھی ظلم ہوگا میں آواز اٹھاؤں گا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیا جارہا ہے، میں اگر کرکٹر نہ ہوتا تو پاکستان کا فوجی ہوتا، میری فوج جو کررہی ہے مجھے اس پر فخر ہے، میں بھی پاکستانی فوج کا سپاہی ہوں۔

انہوںنے مزید کہا کہ میں بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے پر لعنت بھیجتا ہوں، مجھے بلایا بھی گیا تو آئی پی ایل نہیں کھیلوں گا، ہماری پی ایس ایل بڑی لیگ ہے، وہ دن دور نہیں ہے جب پاکستان کی لیگ بھارتی لیگ سے بڑی ہوگی۔

شاہد آفریدی نے بھارتی میڈیا کو خبردار کیا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں ان کے بیان کو مثبت لیں اور اپنی حکومت سے کہیں کہ وہ کشمیر میں ظلم بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بھارتی کرکٹرز کی کوئی پرواہ نہیں ہے، جب پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی تو رشی کپور سے ہار برداشت نہ ہوئی اور وہ پاکستان دشمنی میں آگے نکل گئے اب کچھ کرکٹرز آگے بڑھ کر میری کردار کشی کررہے ہیں، میں بھارتی میڈیا کو کہتا ہوں کہ وہ اپنی اصلاح کریں اور بھارتی عوام کو کہوں گا کہ منفی خبریں دینے والے میڈیا کا بائیکاٹ کریں۔

واضح رہےپاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کرکٹرشاہد خان آفریدی نے کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے انسانیت سوز مظالم کے خلاف سوشل میڈیا پر بیان دیا تھا جس کے بعد بھارت میں اس حوالے سے بحث و مباحثے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
شاہد آفریدی نےسوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹرر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بہت پریشان کن ہے ، ظالم حکومت اپنی حق خودارادیت اور آزادی کے لئے آواز بلند کرنے والوں کو شہید کررہی ہے‘۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here