لاہور (نیوز ڈیسک)21 رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علی ؓ کے موقع پر لاہور میں مقامی تعطیل ہوگی تمام سرکاری سکول و ضلعی دفاتر بند رہیں گے۔ شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگا کر سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ مزید برآں محکمہ داخلہ پنجاب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت امن و امان کے متعلق اجلاس کے دوران چینی نائب صدر کی لاہور کے متوقع دورے اور یوم شہادت حضرت علیؓ کے دوران سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 21 رمضان کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے موبائل سروس کی بندش اور ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی گئی۔ دوسری جانب یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر محکمہ داخلہ کی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کرنیکی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور میں نثار حویلی سے بر آمد ہوکر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیرہونے والے مرکزی جلوس سمیت پنجاب کے بڑے شہروں کے جلوسوں کی سخت سکیورٹی اور مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔ذرائع کے مطابق آتشیں اسلحہ کی نمائش اور ساتھ رکھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ فرقہ واریت کو فروغ دینے والی متنازعہ اور اشتعال انگیز تقاریر کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے اور اس پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ بڑے جلوسوں کی نگرانی کیلئے لا اینڈ انفورسمنٹ ایجنسیز کی فضائی نگرانی کی غرض سے ہیلی کاپٹر استعمال کیاجائے گا اور ڈرون ، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سکیورٹی کی نگرانی بھی کی جائے گی