ائیر پورٹ پر ایک عجیب اور اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ

موبائل فونز کا استعمال آج کے دور میں دن بدن بڑھتا چلا رہا ہے ، ہم نے اکثر دیکھا ہے کہ نوجوان نسل دنیا و مافیہا سے غافل موبائل فون میں مگن ہوتی ہے ۔ لیکن حال ہی میں جدہ کے ائیر پورٹ پر ایک عجیب اور اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ دیکھنے میں آیا جہاں ایک خاتون موبائل فون میں اتنی مگن تھی کہ اپنے بچے کا خیال ہی نہ رہا۔ تفصیلات کے مطابق جدہ سے کوالالمپور جانے والی سعودی ائیرلائن پرواز ایس وی 832 کی مسافر خاتون جدہ ائیرپورٹ پر موبائل فون میں مگن ہونے کی وجہ سے اپنے بچے سے بالکل غافل ہو گئی اور بچے کو ائیرپورٹ ہال میں بھول کر خود طیارے میں سوار ہو گئی۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں پائلٹ طیارے کی واپسی کی درخواست کرتا نظر آرہا ہے۔ طیارہ روانگی سے قبل فون بند کیا تو خاتون کو یاد آیا کہ وہ تو اپنا بچہ ائیرپورٹ پر ہی بھول آئی ہے۔ یاد آتے ہی خاتون نے فوری طور پر طیارے سے ائیرپورٹ جانے کا مطالبہ کیا۔ پائلٹ نے ائیرٹریفک کنٹرول سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب کیا کرنا چاہئیے؟ کیا طیارے کو واپس لایا جائے؟ جس پر کنٹرول ٹاور میں موجود افسر نے اپنے ساتھی افسر کو معاملے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ایک مسافر خاتون ائیرپورٹ کے ہال میں اپنا بچہ بھول گئی ہیں۔ اس حوالے سے اب کیا پروٹوکول ہونا چاہئیے؟ ٹریفک کنٹرول ٹاور میں موجود افسر نے دوبارہ پائلٹ سے تصدیق کی کہ آخر کیوں پرواز کو واپس لایا جا رہا ہے جس پر پائلٹ نے دوبارہ بتایا کہ ایک مسافر خاتون اپنا بچہ ائیرپورٹ کے بورڈنگ کارڈ ہال میں بھول آئی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ بچے کو لیے بغیر طیارے میں نہیں بیٹھیں گی۔ یہ سنتے ہی پائلٹ کو طیارہ واپس لانے کی اجازت دے دی گئی۔ جس پر پائلٹ کو خوب پذیرائی ملی۔ لیکن اس واقعہ کے خبروں میں آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے والدہ کی یادداشت اور موبائل فون سے لگاؤ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ ایسا کیسے ہو سکتا ہےکہ کوئی والدہ ہی اپنے لخت جگر کو بھول جائے۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعہ کا ذمہ دار جدید ٹیکنالوجی اور موبائل فونز کو قرار دیا جنہوں نے انسان کو اپنے اندر اتنا مگن کر لیا ہے کہ کبھی کبھی انسان کو اپنے ارد گرد لوگوں کا بھی دھیان نہیں رہتا۔

Comments (0)
Add Comment