پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے کہا ہے کہ پرامید ہیں کہ انگلش ٹیم پاکستان آئے گی اور کھیلے گی۔سی ای او وسیم خان نے ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ ختم کرنے پر سری لنکا اور بنگلا دیش سے رابطہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ دونوں نے رضامندی ظاہر کی، مگر وقت کی قلت اور لاجسٹک مسائل کے باعث یہ ممکن نہیں ہوسکا۔وسیم خان نے مزید کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں بہت کچھ ہوا ہے، امید ہے کہ انگلش ٹیم پاکستان آئے گی اور کھیلے گی۔اُن کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کا پاکستان سے معلومات شیئر نہ کرنا مایوس کن ہے، کھلاڑیوں کو صدارتی سطح کی سیکیورٹی دی جارہی تھی۔پی سی بی کے سی ای او نے یہ بھی کہا کہ ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے ساتھ کھیلنے کا اس وقت کوئی ایشو نہیں، ہم نے پاکستان میں کرکٹ کے لیے ہم نےدن رات ایک کیا ہے اور بہت محنت کی ہے۔