بھارتی قوم آج اپنا 72 واں یوم آزادی منا رہی ہے،اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام کے سامنے سب سےبڑااعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے 370 سالہ تاریخی عمارت لال قلعے پر کھڑے ہو کر اعلان کیا کہ 2022 میں بھارت انسان کو خلاء میں بھیجنے والی چوتھی قوم بن جائےگی۔
مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد یوم آزادی پر کئے جانے والی یہ پانچویں اور آخری تقریر تھی جس میں انہوں نے قوم سے بڑا وعدہ کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لا ل قلعے کی چھت پر کھڑا ہو کر آج میں قوم کو ایک خوشخبری دے رہا ہوں، بھارت نے ہمیشہ خلائی سائنس میں ترقی کی ہےلیکن ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جب بھارت اپنی آزادی کے75 سال مکمل کر لے گا ، ہو سکتا ہے اس سے بھی پہلے، بھارت کا بیٹا یا بیٹی ہاتھ میں تین رنگا جھنڈا لئے خلاء میں جائیں گے۔
اس پر جوش اعلان کے ساتھ ہی بھارتی خلائی تحقیق کے ادارے ’ اسرو‘نے اس چیلنج کا خیر مقدم کیا، ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ 2022 تک کسی بھارتی کو خلاء میں بھیجنا بہت مشکل ہے مگر ہم یہ ضرور پورا کریں گے۔یہ ایک قومی جدوجہد ہوگی جس سے قومی جذبے کو فروغ ملے گا۔
اسرو نے امید ظاہر کی ہے کہ جی ایس ایل وی، ایم کے 3 نامی خلا بازوں کو خلاء میں لے جانے کی صلاحیت رکھنے والا یہ راکٹ اگلے چند سالوں میں تین بھارتیوں کو ضرور خلا میں لے جائے گا۔
واضح رہے2014 میں بھارت نے اپنا سب سے بڑا راکٹ اور ایک کیپسول لانچ کیا تھا جو ممکنہ طور پر خلا بازوں کو بھی خلا میں لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ 630 ٹن وزنی سٹیلائٹ جنوبی ریاست آندھرا پردیش کے علاقے سری ہری کوٹا سے لانچ کیا گیا تھا۔ نیا راکٹ رابطے کے لیے بنائے گئے 4000 کلو وزنی سیٹلائٹ لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے جس کے بعدبھارت کو ابدوسرے ممالک کے لانچرز کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں رہی