انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران کی پذیرائی کا عمل جاری ،پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے چیئر مین احسان مانی آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے سربراہ مقررہوگئے،کمیٹی آئی سی سی کے مالی اور کمرشل معاملات پر نظر رکھے گی ،سینئر جنرل منیجر لیگل افیئرز سلمان نصیر کو بھی آئی سی سی سیف گارڈنگ پینل کا حصہ بنایا گیا ہے،اس پینل کا مقصد آئی سی سی کے قوانین اور اس سے جڑے تمام افراد کی حفاظت کرنا ہے ۔ کرکٹ کی عالمی باڈی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں عہدیداران کی تعیناتی آئی سی سی سالانہ اجلاس کے دوران کی گئی ۔بی سی سی آئی کے امیتابھ چوہدری، کرس نینزنی، عمران خواجہ، ایرل ایڈنگز اور کولن گریوز بھی کمیٹی میں شامل ہیں ،آئی سی سی کے صدر ششانک منوہر اور چیف ایگزیکٹیو مانو سواہنے بطور سابق عہدیدار کمیٹی کا حصہ ہوں گے،احسان مانی کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی میں اندرا نوئی بطور آزاد ڈائریکٹر شرکت کریں گی،سابق آئی سی سی چیئر مین احسان مانی 1996ءمیں بھی آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کی سربراہی کر چکے ہیں۔ اس سے قبل ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور سٹار کرکٹر ثناءمیر کو آئی سی سی ویمنز کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا۔