شاہد خاقان عباسی کی خواہش پوری

وفاقی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نیب نے شاہد خاقان عباسی کی خواہش پوری کردی، شاہد خاقان عباسی خود کہتے رہے، جس نے گرفتارکرنا ہے کرلے، شاہد خاقان عباسی نے کوئی ضمانت قبل ازگرفتاری نہیں کرائی تھی، قانون کی عملداری سے ان کے چہرے زرد ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے آج صدر ن لیگ شہبازشریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ آج یہ دھڑی اور دھیلے کی بات کررہے۔ لیکن ان کی دھڑی سے مطلب کھرب اور دھیلے سے مطلب ارب ہے۔ شاہد خاقان عباسی خود کہتے رہے ہیں جس نے گرفتارکرنا ہے کرلے۔ شاہد خاقان عباسی نے کوئی ضمانت قبل ازگرفتاری نہیں کرائی تھی۔ شاہد خاقان عباسی کی توخواہش تھی کہ انہیں گرفتارکیا جائے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون کی عملداری جب رنگ پکڑتی ہے تو ان کے چہرے زرد ہوجاتے ہیں۔ جوشخص نیب کا ملزم ہو وہ ضمانت کراتا ہے یا قانونی چارہ جوئی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بےگناہی کے ثبوت دینے کا فورم عدالتیں ہیں وہاں بےگناہی کے ثبوت دینے چاہیے۔ شہباز شریف میڈیا کے بجائے اپنی صفائی عدالتوں میں دیں۔ ن لیگ حکومت کو نیب کے عمل میں گھسیٹ رہی ہے۔ حکومت کا وزیربلدیات نیب کے ہاتھوں گرفتارہوئے او قانونی پراسس کے بعد رہا ہوئے۔ وزیر جنگلات بھی گرفتار ہوا اور اس وقت نیب کی حراست میں ہیں۔ ن لیگ کے دور میں کوئی ایک مثال بتا دیں جس میں وزیر گرفتار ہوا ہو۔ ادارے آزاد ہیں اور شفاف انداز میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے قبل ازگرفتاری ضمانت نہیں کروائی۔ نیب کے بلاوے اور گرفتاری میں فرق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا اتنا جرم ہے کہ انہوں نے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو ن لیگی سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی خبر اجلاس کے دوران دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں۔ حکومت اداروں کے کام میں کسی طرح کی مداخلت نہیں کرے گی۔

Comments (0)
Add Comment