عمران خان نے اپنے ساتھ خوشامدی رکھے ہوئے ہیں ارباب عامر ایوب

پشاور سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ارباب عامر ایوب نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے نئے پاکستان اور ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا مگر کام اس کے برعکس کیا جارہا ہے اور کرپشن پہلے کی طرح جاری ہے۔

پشاور سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ارباب عامر ایوب کی سوشل میڈیا پر آڈیو وائرل ہوئی۔ جس میں انہوں نے اپنی ہی حکومت اور پارٹی پر کڑی تنقید کی اور سنگین الزامات عائد کیے، اس حوالے سے جب ان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے وائرل ہونے والی اپنی آڈیو کی تصدیق کی اور کہا کہ انہوں نے پارٹی نہیں چھوڑی۔

وائرل ہونے والی آڈیو میں انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے نئے پاکستان اور ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا مگر کام اس کے برعکس کیا جارہا ہے، یہاں ایمانداری نہیں بلکہ کرپشن جاری ہے۔

ارباب عامر نے کہا کہ عمران خان آگیا ہے لیکن جو ٹیم ساتھ آئی ہے وہ نالائق ہے۔ عمران خان نے اپنے ساتھ خوشامدی رکھے ہوئے ہیں، عمران خان کو جو باتیں کہی ہیں دل کرتا ہے کہ پریس کانفرنس میں کروں۔

ارباب عامر کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی وزیر ہوتا ہے وہ صرف اپنے بارے میں سوچتا ہے، جو چاپلوسی کریں گے وہ کامیاب ہوں گے جبکہ جو نہیں کرے گا وہ نظر انداز ہوگا، دل تو چاہتا ہے کہ پارٹی میں انقلاب لے کر آئیں، اور عمران خان کو صاف بتادیں کہ پارٹی میں انصاف نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان جیسے لوگ رکھے ہوئے ہیں جو عوامی مسائل کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔ بلین ٹری سونامی اور بی آر ٹی میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے، جبکہ ہر فائل کے لیے پیسے لیے جاتے ہیں۔بشکریہ روزنامہ جنگ

Comments (0)
Add Comment