عمران خان کا ٹرمپ کیلئے بڑا سرپرائز

وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکہ اس وقت موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے حوالے سے ہر روز ایک نئی خبر سننے کو ملتی ہے۔ تاہم اب یہ خبر سامنے آئی ہےکہ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ امریکہ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی پینٹنگ تحفے میں دیں گے۔ عمران خان کے دورہ امریکہ کے دوران پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش کی جانے والی پینٹنگ اُونٹ کی کھال سے بنے گُلدان پر بنائی گئی ہے جس کے بارے میں حنیف اللہ نامی آرٹسٹ نے بتایا کہ یہ ملتان کی قدیم دستکاریوں میں سے ایک ہے۔ ملتان کے معروف آرٹسٹ حنیف اللہ کو یہ کام وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے سونپا گیا تھا تاکہ پاکستان اور امریکہ کے مابین دو طرفہ اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ مل سکے۔ حنیف اللہ کا کہنا تھا کہ مجھے یہ کام لوک ورثہ کی وزارت کی جانب سے دیا گیا تھا ، بلاشُبہ یہ کام مشکل تھا لیکن میرے لیے اسے انجام دینا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس چھوٹے سے گلدان پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چہرہ پینٹ کرنے سے زیادہ ان کا ہئیر اسٹائل بنانا مشکل تھا۔ حنیف نے بتایا کہ اس پینٹنگ کو مختلف اقسام کے رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے نہایت محنت سے بنایا گیا ہے جو کم از کم 30 چالیس سال تک ایسے ہی رہیں گے۔ حنیف نے مزید بتایا کہ وہ اس سے قبل ایسے گُلدانوں پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امیر قطر کی پینٹنگز بھی بنا چکے ہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر 21 سے 23 جولائی کو امریکہ جائیں گے جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment