عمران خان کے ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہونے سے متعلق مبینہ آڈیو لیک
چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہونے سے متعلق مبینہ آڈیو منظرِ عام پر آگئی، اس آڈیو میں عمران خان چالیں چلنے کا ذکر کر رہے ہیں۔سامنے آنے والی اس تازہ آڈیو میں عمران خان کا کہنا ہے کہ آپ کی بڑی غلط فہمی ہو گئی ہے کہ جناب اب نمبر گیم پوری ہو گئی ہے، یہ نمبر ایسا ہے نہیں، ایسا مت سوچیں کہ سب ختم ہو گیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا آڈیو میں کہنا ہے کہ اب سے لے کر 48 گھنٹے is a long long time، اس میں بڑی چیزیں ہو رہی ہیں، میں اپنی طرف سے کئی چالیں چل رہا ہوں، جو ہم پبلک نہیں کر سکتے۔آڈیو میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 5 تو میں خرید رہا ہوں، میرے پاس ہیں 5، میں نے میسج دینا ہے کہ وہ جو 5 ہیں نا وہ 5 بڑے اہم ہیں۔انہوں نے اس آڈیو میں کہا ہے کہ اس کو کہیں کہ اگر وہ ہمیں 5 سیکیور کر دے نا وہ والا، 10 ہو جائیں گے تو یہ گیم ہمارے ہاتھ میں ہے۔
عمران خان کا آڈیو میں کہنا ہے کہ اس وقت قوم الارم ہوئی ہے، یعنی across the board لوگ چاہ رہے ہیں کہ کسی طرح ہم جیت جائیں، تو اس میں کوئی فکر نہ کریں کہ یہ ٹھیک ہے یا غلط ہے۔لیک ہونے والی نئی آڈیو میں چیئرمین پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوئی بھی حربہ ہو، ایک ایک بھی کوئی اگر توڑ دیتا ہے تو اس سے بھی بڑا فرق پڑے گا۔