عمران سے اتحاد مشکل ہے بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نواز کو الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے ، عمران خان سے اتحاد مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کا مسئلہ گھمبیر ہے جسے صرف منتخب نمائندے ہی حل کرسکتے ہیں، دنیا میں کوئی ایساملک نہیں جہاں جوڈیشل سسٹم کے تحت ڈیم بنائے جاتے ہوں جس کا جو کام ہے اسے اپنے دائرے میں کرنا چائیے، کسی ملک میں کبھی عدلیہ نے ڈیم نہیں بنایا، کوئی ڈنڈے برسائے یا بندے اٹھائے پیچھے نہیں ہٹوں گا، طا لبا ن خان یا مجھے کیوں نکالا والوں نے کچھ نہیں کیا۔ الیکشن مہم کے دوران زرداری ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں پانی کا مسئلہ بہت گھمبیر ہے اور ہندوستان آبی دہشت گردی کررہا ہے، پانی کے مسائل کے حل کیلئے ڈیم ناگزیر ہیں، ہم برسراقتدار آکر نئے ڈیم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر تین صوبوں کے تحفظات ہیں۔ مسلم لیگ ن کے الیکشن بائیکاٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں بلاول نے کہاکہ الیکشن سے بائیکاٹ جمہوری عمل نہیں ، ہم اس کے خلاف ہیں اگر مسلم لیگ ن کو الیکشن میں اپنی ہار نظر آرہی ہے اور اس بہانے وہ الیکشن سے فرار کے راستے ڈھونڈ رہی ہے تو یہ صحیح نہیں ہوگا، الیکشن ایک ریس ہے اس میں سب پارٹیوں کو حصہ لینا چائیے فیصلہ عوام کا ہوتا ہے دھونس ، دھاندلی اور دھمکیوں سے آپ الیکشن نہیں جیت سکتے۔بشکریہ روزنامہ جنگ

Comments (0)
Add Comment