ملک بھر میں عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباداور صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے، جن میں امت مسلمہ اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نماز عید کے بعد فرزندانِ توحید سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کررہے ہیں۔
صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحی پر قوم کے نام الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ موجودہ مسائل سے نکلنے کیلئے جذبہ ایثار اور سنت ابراہیمی سے رہنمائی کی ضرورت ہے، وطن عزیز آج جس قسم کی سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل سے دوچار ہے ان سے نکلنے کے لئے سنت ابراہیمی ہی سے رہنمائی حاصل کی جائے۔
صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام عید میں پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی اور اور خداتعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کی کہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول و منظور فرماتے ہوئے انھیں ہمارے لئے اپنی رضا کے حصول کا ذریعہ بنادے۔
صدر نے کہا کہ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے ۔
وزیر اعظم عمران خان نے عید الا ضحی کے موقع پر پیغام میں پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کی اور خدا تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کی کہ وہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول و منظور فرمائے اور انہیں ہمارے لیے اپنی رضا و خوشنودی کے حصول کا ذریعہ بنا دے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دِن ان عظیم انبیا ئے کرام نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال مثال قائم کی جس کی تاقیامت پیروی کی جاتی رہے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ دُنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے عید کے پیغام میں دعا دی ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن اور ترقی عطا فرمائے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نےاپنے پیغامات میں کہا کہ عیدالاضحی ہمیں دوسروں کی خوشیوں کے لیے قربانی اور ایثار کا جذبہ اجاگر کرنے کا درس دیتی ہے۔ اس فریضہ کی اصل روح جانوروں کی قربانی میں نہیں بلکہ دوسروں کے لیے اپنی ضروریات اور خواہشات کی قربانی میں پوشیدہ ہے ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم قربانی سے انسانیت کے ایثار و بھلائی صبر اور برداشت کا درس ملتا ہے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری نے کہا کہ عید الاضحی قربانی کے جذبے اور مسلمانوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔