فواد عالم کی چوتھی سینچری

مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے ایک اور سنچری داغ دی، زمبابوے کے خلاف ہرارے ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام پر وہ 108رنز بناکر ناقابل شکست ہیں، اوپنر عمران بٹ نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 91 رنز پر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم کو حریف پر 198 رنز کی برتری بھی حاصل ہوگئی۔ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 103 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، عابد علی 60 کے انفرادی اور 115 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔دوسری وکٹ پر اظہر علی اور عمران بٹ کے درمیان 59 رنز کی شراکت ہوئی، اظہر علی 36 رنز بنا کر پویلین لوٹے، اس کے بعد کپتان بابر اعظم پہلی ہی گیند پر وکٹ دے بیٹھے۔اوپنر عمران بٹ سنچری سے 9 رنز کم نروس نائینٹیز کا شکار ہوکر 91 کے اسکور پر ڈریسنگ روم لوٹ گئے اس کے بعد فواد عالم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کی اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بنائے، رضوان 45 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔دوسرے اینڈ سے فواد عالم نے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان کا اسکور 6 وکٹ پر 374 رنز تھا اور زمبابوے کے خلاف اُس کی برتری 198رنز کی ہوچکی تھی۔فواد عالم 108 اور حسن علی 21 رنز پر ناقابل شکست ہیں۔زمبابوے کی جانب سے ٹریپانو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔بشکریہ روزنامہ جنگ

Comments (0)
Add Comment