فواد چوہدری نے غلط بیانی کی ایکشن لیا جائے، چانڈیو

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ فواد چوہدری نے غلط بیانی کی،اس کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
پی پی رہنما نے سینیٹ اجلاس کے دوران مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری یا پھر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان میں سے کسی ایک نے غلط بیانی کی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ غلط بیانی کرنے والے وزیر کے خلاف کارروائی کریں۔ ’’چیئرمین سینیٹ کے کنڈکٹ پر بات نہیں ہوئی‘‘
مولا بخش چانڈیو نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ روز فواد چوہدری نے وزیراعظم سے وہ بات منسوب کی جس کی آج علی محمد خان نے سینیٹ اجلاس میں تردید کی۔
ان کا کہناتھا کہ فواد چوہدری نے نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اس ایوان کے لئے جو کچھ کہا وہ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے علی محمد خان کے بیان کی تعریف کی اور کہا کہ اچھا ہوا وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور نے بتادیا کہ وزیراعظم نے ایسا کچھ نہیں کہا۔
سینیٹ اجلاس میں پی پی رہنما رضا ربانی کو جواب دیتے ہوئے علی محمد خان نے کہا تھاکہ چیئرمین سینیٹ صاحب کے کنڈکٹ پر کابینہ میں کوئی بات نہیں ہوئی ۔
علی محمد خان نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ حکومت قربان کردوں گا کابینہ میں کرپٹ شخص کو نہیں چھوڑوں گا۔بشکریہ روزنامہ جنگ

Comments (0)
Add Comment