ملتان کی تحصیل جلال پورپیر والا میں قتل کیے گئے نوافراد کو نماز جنازہ کے بعد آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔نماز جنازہ کے موقع پر پولیس نے جنازہ گاہ کو گھیرے رکھا اور سخت سیکورٹی میں نماز جنازہ کے بعد تدفین کی گئی جنازہ میں علاقے کے افراد نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے کالا جعفر کے قریبی رشتے دار اختر عباس کی مدعیت میں اٹھارہ نامزد اور پانچ نامعلوم افراد کے خلاف قتل ،اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز نمازِ عید کے بعد ایک ہی خاندان کے دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد قتل اور 17 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
بستی جعفراں میں افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کالا جعفر نامی شخص اپنے 20 رشتے داروں کے ہمراہ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد مسجد سے نکلا تو اس کے چچا غلام نازک کے گروپ نے فائرنگ کر دی۔دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں کالا جعفر اپنے 7 ساتھیوں سمیت جاں بحق ہو گیا جبکہ اس گروپ کی جوابی فائرنگ سے مخالف گروپ کے 3 افراد بھی جاں بحق ہوگئے، واقعہ میں مجموعی طور پر 17 افرد زخمی ہوئے۔
فائرنگ کے اس واقعے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے نوٹس لینے پر آر پی او محمد وسیم نے موقع پر پہنچ کر خود معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، آر پی او کے مطابق واقعے میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔دوسری جانب اہل علاقہ کے مطابق دونوں گروپوں میں پرانی رنجش چلی آ رہی تھی اور پولیس کے پاس ایسی اطلاعات تھیں کے اس عید پر دونوں گروپس میں جھگڑا ہو سکتاہے تاہم پولیس کی جانب سے کوئی قبل از وقت اقدامات نہیں کیے گئے اور یہ اندوہنا ک واقعہ پیش آگیا۔
آر پی او ملتان نے انکوائری کمیٹی بنا دی ہے جو پولیس اہلکاروں کی اس واقعے میں غفلت کی نشاندہی کریگی۔دوسری جانب آئی جی پنجاب عارف نواز نے عید کے روز ملتان میں 10 افراد کے قتل کے واقعے پر برہمی کا اظہارِ کرتے ہوئے ڈی ایس پی کو معطل کر دیا اور سینئر افسران سے جواب طلب کر لیا ہے۔آئی جی پنجاب عارف نواز نے ہنگامی ویڈیو لنک کانفرنس میں مقامی پولیس کو 48 گھنٹے میں تمام ملزمان کی گرفتاری کا الٹی میٹم دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے آر پی او خود پولیس اقدامات کی نگرانی کریں اور علاقے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے سی پی او خود فیلڈ میں رہیں۔آئی جی پنجاب نے علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے جاں بحق ہونے والوں کی آخری رسومات تک عارضی پولیس چوکی قائم کی کرنے کا حکم بھی دیا۔انہوں نے کہاکہ علاقے میں کومبنگ آپریشنز کر کے 7 دن میں تمام جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔