قومی ٹیم کی کارکردگی پر کوچ اور منیجر سے رپورٹ طلب

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر کوچ اور منیجر سے رپورٹ طلب کرلی۔ذرائع کے مطابق ورلڈکپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر چیئرمین احسان مانی نے نوٹس لیتے ہوئے کوچ مکی آرتھر اور منیجر طلعت علی سے دو ہفتوں میں رپورٹ مانگی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچ اور منیجر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر کھلاڑی کی انفرادی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ مرتب کریں جو احتساب کیلئے کرکٹ کمیٹی کو دی جائے گی۔ پی سی بی کے چیئرمین نے ہدایت کی ہے کہ رپورٹ میں ٹیم کے ماحول ،کھلاڑیوں کے باہمی تعلقات سے آگاہ کیاجائے۔ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر 10 سے 12 روز میں رپورٹ بورڈ حکام کے حوالے کردیں گے جس میں وہ ٹیم منیجر، کپتان، کھلاڑیوں کے اختلافات کی اطلاعات پرچیئرمین کو حقائق سے آگاہ کریں گے۔ یادرہے کہ ورلڈکپ 2019 ءمیں ناقص کارکردگی دکھانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جو مکمل تحقیقات کرے گی۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کرکٹ کمیٹی کھلاڑیوں، سلیکشن کمیٹی اور کوچنگ سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر، باؤلنگ کوچ اظہر محمود کے نئے کنٹریکٹ کا فیصلہ بھی کمیٹی کرے گی جبکہ فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن، ٹرینر گرانٹ لیوڈن کے معاہدوں میں توسیع کا فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment