متحدہ عرب امارات میں زلزلے کے شدید جھٹک

آج دوپہر 2 بج کر 58 منٹ پر متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دُبئی، شارجہ اور راس الخیمہ کی ریاستوں میں مخصوص کیے گئے۔زلزلے کے جھٹکوں کے بعدرہائشیوں میں پریشانی پھیل گئی۔ اکثر مقامات پر لوگ دفتروں سے باہر آ گئے۔ تاہم زلزلے کے یہ جھٹکے کچھ سیکنڈز بعد تھم گئے۔ زلزلہ پیما ادارے کے مطابق اس زلزلے کا مرکز ایران کے جنوبی علاقے بندرِ لنگاہ سے 73 کلو میٹر کا علاقہ تھا۔ جہاں پر اس زلزلے کی شدت 5.4 بتائی جا رہی ہے۔یہ ایک درمیانے درجے کا زلزلہ تھا۔ زلزلے کے ان جھٹکوں کے بعد لوگ سوشل میڈیا ویب سائٹس پر ایک دوسرے سے پُوچھتے رہے کہ کیا انہوں نے بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے ہیں۔ فریحہ اختر نامی ایک پاکستانی خاتون نے ٹویٹر پر لکھا کہ پہلے تو اُنہیں ایسے لگا کہ اُنہیں چکر آ رہے ہیں۔ مگر تھوڑی دیر بعد اُنہیں احساس ہوا کہ یہ اُن کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہوا، بلکہ درحقیقت یہ زلزلے کے جھٹکے تھے۔ کیا کسی اور کو بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے ہیں۔ فی الحال یہ پتا نہیں چل سکا آیا کہ اس زلزلے کے باعث متحدہ عرب امارات میں کسی مقام پر کوئی جانی یا مالی نقصان تو نہیں ہوا۔ ایک بھارتی خاتون کا کہنا تھا کہ جب دیوار کے ساتھ اُس کی لٹکی چابیاں ہلنے لگیں تو اُسے اندازہ ہوا کہ یہ زلزلہ ہے۔ مگر حیرت انگیز طور پر وہاں موجود دیگر آفس سٹاف میں سے کسی کو بھی اس کا احساس نہیں ہوا۔

Comments (0)
Add Comment