مسلم لیگ ن میں اختلافات کھل کر سامنےآگئے

مسلم لیگ ن میں اختلافات کھل کر سامنےآگئے ہیں اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی صدر شہباز شریف کی حکومت کو میثاق معیشت کی پیشکش کو مذاق معیشت قراردیدیا اور کہا ہے کہ شہبازشریف کی اپنی رائے ، میری اپنی رائے ہے ۔ وہ ماڈل ٹاؤن میں پارٹی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ پرویز رشید اور دیگر رہنماؤں کے ہمرا ہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ ’شہبازشریف لیڈرآف دی اپوزیشن ،

سینئر سیاستدان ہیں، ان کی حب الوطنی پر کسی کوبھی ذرا برابر شک نہیں،ان کی اپنی رائے ہے ، اب میں جو آپ کو دینے لگی ہوں ، وہ میری ذاتی رائے ہے جس کا مجھے حق ہے ، میں اپنا نقطہ نظر پارٹی میٹنگز میں بھی مودبانہ طریقے سے رکھتی ہوں، مسترد ہوجائے تو الگ بات ہے ، میری ذاتی رائے میں میثاق معیشت مذاق معیشت ہے ، جو شخص جعلی طریقے سے اقتدار میں آیا اور معیشت کا بیڑہ غرق کیا، اس سے کسی قسم کی کوئی بات نہ کی جائے ، معیشت کا بیڑا غرق کرنیوالوں سے میثاق نہیں کرنا چاہیے ، وہ اپنی نااہلی کا ذمہ دار اپوزیشن کو قراردینا چاہتے ہیں، اس شخص کی نالائقی نے گروتھ ریٹ اور سٹاک ایکسچینج ڈبو دی ، مہنگائی سے عوام کا جینا مشکل ہوگیا ، جس بات پر ان کا گھیراؤ کرنا چاہیے ، اس بات پر یہ تو ان سے این آر او ہوگیا، اس نے تباہی کی اور وہ چاہتا ہے کہ اپوزیشن کی مہر بھی لگ جائے، اس کی گرتی ہوئی ساکھ کو جس نے سہارا دیا، وہ عوامی عدالت میں مجرم ٹھہرے گا، ہمیں ساتھ نہیں دینا چاہیے ، جو مینڈیٹ چوری کرکے آئے اسے میثاق کی پیشکش نہیں کرتے بلکہ نشان عبرت بناتے ہیں، میرے خیال میں اسے اپنا کندھا نہیں دینا چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف میثاق معیشت کے حامی نہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کسی قسم کی کوئی کمزوری نہ دکھائے ، وہ چاہتے ہیں کہ ترقی کرتا پاکستان اگر تنزلی کی طرف چلا گیا تو اس کا احتساب ہونا چاہیے ۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ یہ جعلی حکومت ہے ، کسی سے ریلیف نہیں مانگ رہی ، جو خود کسی کا محتاج ہو، وہ کیا ریلیف دے گا، میں بائیس کروڑ عوا م کو گواہ بنا رہی ہوں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ میں ایک بیٹی ہوں، ایک کارکن ہوں، میں اپنے باپ کا مقدمہ لڑوں گی ، ہرپلیٹ فارم استعمال کروں گی ، ایک بیٹی اپنے باپ کا مقدمہ کیوں نہ لڑے ؟ یہ نہ مصرہے اور نہ ہم میاں صاحب کو مرسی بننے دیں گے ۔

Comments (0)
Add Comment