میانوالی میں خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اتر گئی

مسان ریلوے سٹیشن کے قریب خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 15 مسافر زخمی جبکہ ٹرینوں کی آمدو رفت معطل ہوگئی ہے۔ 2 روز قبل ہی میانوالی کیلئے چلائی جانے والی ریل کار بھی بند ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میانوالی کے نواح میں مسان ریلوے سٹیشن کے قریب پشاور جانے والی خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اتر گئی ۔ حادثے میں ٹرین کا انجن اور 7 بوگیاں الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 15 مسافر زخمی ہوگئے۔ ٹرین کی بوگیاں الٹنے سے ٹریک بند ہوگیا اور پنڈی سیکشن پر ریل گاڑیوں کی آمدو رفت معطل ہوگئی ہے جبکہ 2 روز قبل ہی میانوالی کیلئے چلائی جانے والی ریل کار بھی بند ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسان ریلوے سٹیشن کی طرف جانے کے لیے زمینی راستہ نہیں ہے جس کے باعث ریسکیو کے کام میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے کا دوسرے علاقوں سے رابطہ قائم کرنے والا پل بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کے باعث ہیوی مشینری پہنچانے کے لیے کڑی تگ و دو کرنا پڑے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے ریسکیو کا کام شروع کردیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے تاہم ریلوے ٹریک کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ دوسری جانب ریسکیو حکام نے کندیاں سٹیشن سے امدادی ٹرین جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی ہے۔

Comments (0)
Add Comment