نریندر مودی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

نئی دہلی (نیوزڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنا استعفیٰ صدر رام ناتھ کوویند کو پیش کیا تاہم بھارتی صدر نے نریندر مودی کو نئی حکومت کے قیام تک کام کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 542 میں سے 303 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس مجموعی طور پر 353 نشستوں پر کامیاب ہوئی ۔ انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نے اپنی کابینہ کے ہمراہ بھارتی صدر سے ملاقات کی اور اپنے عہدے کا استعفیٰ پیش کیا جبکہ کابینہ اراکین نے بھی اپنے استعفے بھارتی صدر کو پیش کیے۔بھارتی صدر کی جانب سے کابینہ اراکین کے استعفے تو قبول کر لیے گئے تاہم انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے اپنے عہدے پر کام کرنے کی درخواست کی جو انہوں نے قبول کر لی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی زبردست کامیابی پر نریندر مودی کو وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی مبارکباد پیش کی تھی۔ دوسری جانب کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھی شکست قبول کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جیت کو ماننا پڑے گا۔یاد رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 2014ء میں انفرادی طور پر 282 جبکہ این ڈی اے نے 336 نشستیں حاصل کی تھیں۔ بھارت میں حکومت قائم کرنے کے لیے 272 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات 11 اپریل کو شروع ہوئے تھے اور 7 مرحلوں میں 19 مئی کو مکمل ہوئے

Comments (0)
Add Comment