ن لیگی یوتھ ونگ کا صدر گرفتار

گوجرانوالہ: ریاستی اداروں اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف نفرت انگیز پوسٹ کرنے والے لیگی یوتھ ونگ کے صدر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر کو اعلیٰ عدلیہ، فوج اور وزیراعظم عمران خان کے بارے میں سوشل میڈیا پر نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزام میں سائبر کرائم ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا ہے۔
اس حوالے سے ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر آصف اقبال نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں امیر حمزہ نامی شہری نے حمزہ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر ولید آصف بٹ کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ شکایت کنندہ نے کہا کہ ولید آصف بٹ نے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باوجوہ اور اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف انتہائی گھٹیا اور ہتک آمیز زبان استعمال کی۔ولید آصف بٹ کے اس طرح کے اقدام سے ہماری دل آزاری ہوئی کیونکہ ملزم کی جانب سے ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔ شہری کی شکایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے حمزہ یوتھ ونگ کے صدر ولید آصف بٹ کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ ملزم کے خلاف درج کی جانے والی ایف آئی آر میں بتایاگیا کہ ایف آئی اے کی چھاپہ مار ٹیم نے ملزم آصف بٹ کا موبائل فون قبضے میں لیا جس میں وزیراعظم، فوج اورعدلیہ کے خلاف قابل اعتراض مواد موجود تھا۔ملزم ولید آصف بٹ اس سے قبل مسلم لیگ ن یوتھ ونگ گوجرانوالہ کا صدر بھی رہ چکا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم آصف اقبال نے بتایا کہ ملزم سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرتا تھا۔خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) سائبر کرائمز کے تحت کارروائی کرنے میں کافی متحرک ہو گیا ہے اور شہریوں کی شکایات کا جلد از جلد ازالہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

Comments (0)
Add Comment