مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان سن لو! نو ڈیل، نوکمپرومائز اور نومعافی، پاکستان کو تباہ کرنے کا پورا پورا حساب دینا ہو گا، حکومت ڈینگی اورپولیو وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان سن لو نو ڈیل ، نو کمپرومائز ، اور نو معافی، پاکستان کو تباہ کرنے کا پورا پورا حساب دینا ہو گا۔ اسی طرح انہوں نے گزشتہ روز بھی وزیراعظم عمران خان پر کڑی تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کو بھی اپنے کزن علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تقلید کرتے ہوئے سیاست کو خیر باد کہہ دینا چاہیے چونکہ وہ مکمل فیل ہو چکے ہیں۔ عمران خان نفرت، انتقام، حسد اور تکبر کے مکسچر سے جس طرح ملک چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملکی معیشت کے لئے وہ دن بدن پولیو وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے آج ایک بار پھر کسی بھی قسم کی ڈیل کے امکانات کو مسترد کر دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سینئر قانون دان بابر اعوان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’نوڈیل نو کمپرومائز‘‘ کے موقف پر قائم ہوں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ پہلی بار احتسابی عمل میں حکومتی مداخلت سے آزاد ہے۔ احتساب کا عمل شفاف اور بے لاگ ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ساری توجہ کشمیر پر مرکوز ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا بھارت مقبوضہ کشمیرمیں حالات نارمل ہونے سے متعلق جھوٹ بولتا رہا۔ پاکستان کے مئوقف کی تائید ہوئی ہے۔ کشمیریوں کی ہرفورم پرحمایت جاری رکھیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ 27 ستمبرکوکشمیر کا سفیر بن کرجنرل اسمبلی میں خطاب کروں گا۔ موجودہ حکومت کی کوششوں کی بدولت مسئلہ کشمیرعالمی سطح پر اجاگرہوا۔